شاعر کی دنیا

میری دنیا حسین دنیا ہے
جس میں سورج ہے چاند تارے ہیں
روز و شب حسن کے نظارے ہیں
شب کی محفل سجی ہے تاروں سے
جی بہلتا ہے ماہ پاروں سے
رات کو تارے جگمگاتے ہیں
خود بخود گیت یاد آتے ہیں
کرنیں لیتی ہیں روپ پریوں کا
چاند راتیں ہیں رقص کے دریا
ہیں شعاعوں میں بجلیاں رقصاں
امڈ آئے ہیں نور کے طوفاں
لالہ زاروں میں پھول نکھرے ہیں
آبشاروں میں گیت بکھرے ہیں
موجیں انگڑائی لے کے چلتی ہیں
لہریں بہتے ہوئے مچلتی ہیں
ہر طرف بکھرے بکھرے گیسو ہیں
اور آنکھوں میں پریم جادو ہیں
مسکراہٹ میں بجلیاں پنہاں
دل کی بربادیوں کے ہیں ساماں
ہر طرف حسن ہے جوانی ہے
کامرانی ہے شادمانی ہے
میری دنیا حسین دنیا ہے