سبھی راستے ترے نام کے سبھی فاصلے ترے نام کے

سبھی راستے ترے نام کے سبھی فاصلے ترے نام کے
کبھی مل مجھے مری سوچ کے سبھی دائرے ترے نام کے


مرے کام کے تو نہیں ہیں یہ یہ جو میرے لات و منات ہیں
یہ مجھے عزیز ہیں اس لیے کہ ہیں سلسلے ترے نام کے


میں شراب پیتا تو کس طرح مجھے تیرے حکم کا پاس تھا
مگر آج ساقی نے جب دیئے مجھے واسطے ترے نام کے


کوئی منبروں پہ ہے معتبر کوئی سر کشیدہ ہے دار پر
وہ سہولتیں ترے ذکر کی یہ مجاہدے ترے نام کے


یہاں جو بھی تھا وہ تجھی سے تھا یہاں جو بھی ہے وہ تجھی سے ہے
سبھی عکس ہیں تری ذات کے سبھی رنگ تھے ترے نام کے


ابھی میں نے ظلمت شب کی سمت نگاہ ڈالی تھی غور سے
کہ کسی نے دل کی منڈیر پر دیئے رکھ دیے ترے نام کے