روز کے انتظام سے پہلے
روز کے انتظام سے پہلے
میں نے کل پی لی شام سے پہلے
گھونٹ بھرنے پہ ہوش آیا تھا
میں نشے میں تھا جام سے پہلے
کیا کروں اب زبان سے میری
رم نکلتا ہے رام سے پہلے
دل مرا اب شراب مانگے ہے
کام کے بعد کام سے پہلے
کچھ پلانے کا بندوبست کرو
تم مرے احترام سے پہلے
چشم حسرت کو پڑھ کے دیکھو تم
کیا یہ مانگے سلام سے پہلے
زندگی کو تلاشتا ہوں میں
موت کے اہتمام سے پہلے