پہلے طعام پھر کلام
حلقۂ فکر و سخن نے مجھے عزت بخشی
یعنی مہمان خصوصی کی فضیلت بخشی
مسند عالی پہ لا کر جو بٹھایا مجھ کو
قد کوتاہ کو اس طور سے رفعت بخشی
فائدہ یہ بھی ہوا آج کی اس محفل میں
ایک دوجے سے ملاقات کی صورت بخشی
قابل عزت و تکریم خواتین بھی ہیں
ان کے ہونے نے مری روح کو فرحت بخشی
پورا دیوان ہی موصوف سنا بیٹھے ہیں
جن کو حلقے نے یہاں آج نظامت بخشی
تیس بتیس سے نہ تھے کم یہاں شاعر امشب
سب کو سننے کی خدا نے مجھے ہمت بخشی
کچھ ترنم سے سنانے پہ مصر تھے غزلیں
تحت میں کچھ نے سنائیں یہ رعایت بخشی
دیدنی شاعر و سامع کی ہے صورت اس دم
بھوک نے سارے ہی چہروں کو نقاہت بخشی
صدر محفل کا ہوں ممنون کہ اس محفل میں
بات اپنی بھی کہوں مجھ کو اجازت بخشی
ہم نے مانا کا ابھی آپ کو بھی سننا ہے
مسند عالی کو حضرت نے جو زینت بخشی
آپ تشریف یہاں لائے یہی کافی ہے
کس قدر آپ نے ہم سب کو ہے عزت بخشی
کھانا کھلنے کا ہی اعلان اگر فرما دیں
ہم یہ سمجھیں گے کہ تقریر صدارت بخشی