پہلے احباب کی کہانی لکھ
پہلے احباب کی کہانی لکھ
پھر ہر اک لفظ کے معانی لکھ
کیوں ترے اپنے غم گساروں سے
زخم خوردہ ہے زندگانی لکھ
خوبیاں لکھ شراب کی لیکن
روح افزا ہے صرف پانی لکھ
دیکھ کر بحر و بر کے ہنگامے
کوئی دلچسپ سی کہانی لکھ
دل کے صحرا میں گرم اشکوں سے
کیسے ہوتی ہے باغبانی لکھ
حرف اول سے لکھ کے نام خدا
دل کی تختی پہ حرف ثانی لکھ
وصل کی شام کے ورق پہ کنولؔ
شادمانی ہی شادمانی لکھ