نزع میں اب مرے جینے کی دعا کرتے ہیں
نزع میں اب مرے جینے کی دعا کرتے ہیں
میری جان آپ پہ قربان یہ کیا کرتے ہیں
کیسی دلگیر ہے روداد محبت اے دوست
ہم کہا کرتے ہیں اور لوگ سنا کرتے ہیں
مے پرستی کوئی بدعت نہیں ہم تو اے شیخ
سنت حافظؔ و خیامؔ ادا کرتے ہیں
جور محبوب کا ہوتا ہو کہیں ذکر تو ہم
بن کے انجان توجہ سے سنا کرتے ہیں
مرگ بیمار محبت تو کوئی بات نہیں
آپ کو رشک مسیحا بھی کہا کرتے ہیں