مجھے اس زمیں کی ہے جستجو نہ تو آسماں کی تلاش ہے
مجھے اس زمیں کی ہے جستجو نہ تو آسماں کی تلاش ہے
جہاں رقص کرتی ہو زندگی مجھے اس جہاں کی تلاش ہے
مرا ساتھ چھوڑ دے ہم سفر تری راہ ہے ابھی مختصر
تجھے منزلوں کی ہے جستجو مجھے کارواں کی تلاش ہے
میں بھٹک رہا ہوں خلاؤں میں غم زندگی کی صداؤں میں
غم بے کراں میں دھرا ہے کیا غم جاوداں کی تلاش ہے
جو روش روش کو سنوار دے جو کلی کلی کو نکھار دے
جو چمن کو رنگ بہار دے اسی باغباں کی تلاش ہے
تھی عجیب غم کی وہ داستاں جو مرے لبوں پہ نہ آ سکی
جو بکھر گئی ہے ورق ورق اسی داستاں کی تلاش ہے