مجھ کو آتا نہیں اوروں کو جو پیار آتا ہے
مجھ کو آتا نہیں اوروں کو جو پیار آتا ہے
خود نمائی سے مرے دل میں غبار آتا ہے
دل ہے میرا جو یہاں شیفتہ وار آتا ہے
عمر اپنی ترے کوچے میں گزار آتا ہے
ساتھ مٹی کے ہوئے آگ ہوا اور پانی
آدمی چار کے کاندھے پہ سوار آتا ہے
کس کے جانے سے خزاں لوٹ گیا گلشن شوق
کون آیا کہ مجھے لطف بہار آتا ہے
قلب مضطر کو اٹھا لاؤں گا اک روز یہاں
میں بھی دیکھوں گا تمہیں کیسے قرار آتا ہے
شوق سجدہ کو قرینے سے سجا کر راضیؔ
بار ہستی ترے قدموں پہ اتار آتا ہے