معجزہ مانیے یا کہیے کرشمہ دل کا
معجزہ مانیے یا کہیے کرشمہ دل کا
دل کے قالین پہ رکھا ہے جنازہ دل کا
کیجئے عشق مگر یاد دہانی میں رہے
کوئی دل کا نہ ہوا اور نہ ہوگا دل کا
اپنے کانوں میں پہن لے میرے دل کی دھڑکن
میں ترے واسطے لایا ہوں لے جھمکا دل کا
زندگی نام کے پنڈت نے جسے کھینچا تھا
مٹ گیا ایک ہی دورے میں وہ قشقہ دل کا
چارہ گر ہم پہ جراحت کا فسوں خرچ نہ کر
نہ ہوا ہے نہ کبھی ہوگا مداوا دل کا
خون میں بھیگے ہوئے پھول دعا دیں گے تجھے
اپنے جوڑے میں سجا لے کبھی گجرا دل کا
نہ کسی گیت سے رغبت نہ شغف نغموں سے
صرف میرا کے بھجن سنتا ہے کانہا دل کا
چین امید سکوں درد توقع دھڑکن
بک گیا ہجر کے بازار میں کیا کیا دل کا
تیری تصویر مزین ہے کئی برسوں سے
تو نے دیکھا نہیں شاید کبھی بٹوا دل کا