مزدور

اسے کیا فرق پڑتا ہے
دسمبر بیت جانے سے
یکم تاریخ آنے سے
کسی بھی سال نو کے خیر مقدم پر خوشی کے شادیانے سے
سرور و کیف و مستی میں محبت کے ترانے سے
کلب اور ہوٹلوں میں وحشیانہ رقص پر سودائیوں کے تھرتھرانے سے
اسے کیا فرق پڑتا ہے
اسے تو ہر گزرتا سال اک جیسا ہی لگتا ہے
وہ اک مزدور ہے جس کی
مسلسل بھوک اور افلاس سے عرصے سے لمبی جنگ جاری ہے
کہ جس کے سامنے ہر صبح پے در پے مشقت کے تقاضے ہیں
کڑی محنت ریاضت جہد پیہم اس کا مسلک ہے
اسے کیا فرق پڑتا ہے
کلینڈر پر نئے ہندسوں کی اک تاریخ آنے سے
دسمبر بیت جانے سے
نیا اک سال آنے سے