مکان و زماں
مرے ساتھ چلتی ہے تنہائی بھی تیرگی بھی
میں پھیلا ہوا ہوں یہاں سے وہاں تک
خلا سے خلا تک
خلا جو اندھیرا ہے تنہائیوں کا
خلا جو بسیرا ہے گہرائیوں کا
خلا میرا ساتھی
خلا میرا پرتو
خلا میرا سایہ
خلا دوسرا رخ ہے میری جہت کا
کہ میں وقت ہوں
اور وقت لا انتہا ہے
خلاؤں کی مانند
نئی سمت ہوں میں وجود و عدم کی
مجھے لمحوں صدیوں دنوں میں نہ بانٹو
مجھے فاصلوں سے نہ ناپو
مجھے اپنی رفتار میں قید کر لو