میں چلا جاؤں گا مری دل لگی رہ جائے گی
میں چلا جاؤں گا مری دل لگی رہ جائے گی
پیار سے خالی تمہاری زندگی رہ جائے گی
چاند گہنا جائیں گے جب وقت کے آکاش پر
آنگنوں میں بین کرتی چاندنی رہ جائے گی
تیرگی میں چھوڑ جائیں گے سبھی تجھ کو مگر
میری یادوں کی فقط اک روشنی رہ جائے گی
لوٹنے والو وفا کے نام پر اے دوستو
اس جہاں میں ہاتھ ملتی دوستی رہ جائے گی
کیا بنے گا اس جہاں میں اشرف المخلوق کا
ہر طرف جب دشمنی ہی دشمنی رہ جائے گی
وہ بھی دن آئیں گے اس دھرتی پہ لوگو دیکھنا
چار سو جب آشتی ہی آشتی رہ جائے گی