لفظ

ابھی تسخیر کرنے ہیں وہ لفظ
کہ جن کو لکھ کر کتابوں میں پڑھ کر
تمناؤں کی ان گنت وادیوں میں بسے
اپنے خوابوں میں تعبیر کی کھڑکیاں کھول کر
دوسروں پر کھلے اور پھر دوسروں کے لیے مثل جاناں بنے
لفظ وہ جن کو صدیوں نے دیکھا
جنہیں دیکھ کر ان کو چاہا
جنہیں چاہ کر ان کو اپنے گلے سے لگایا
یہ سب چاہنے اور گلے سے لگانے کے لمحے
بیاں جس ادا سے ہوئے لفظ وہ ہمیں تسخیر کرنے ہیں