کیوں کے بارے میں کیا کے بارے میں

کیوں کے بارے میں کیا کے بارے میں
عقل چپ ہے خدا کے بارے میں


جب صعوبت میں سانس گھٹنے لگے
سوچیے کربلا کے بارے میں


سب کو تفتیش ہو رہی ہوگی
دوسرے نقش پا کے بارے میں


خامشی سادھ لی گئی یک دم
سخن نارسا کے بارے میں


انتہا ہو چکی محبت کی
کچھ کہو ابتدا کے بارے میں


میری اپنی ہی ایک رائے ہے
معنی و مدعا کے بارے میں


ہم نے کیا کیا نہ لکھ دیا احمدؔ
اپنی اپنی فضا کے بارے میں