کسی کاغذ کے سینے پر یہ جذبہ درج کر دینا
کسی کاغذ کے سینے پر یہ جذبہ درج کر دینا
مرے بھائی کے حق میں میرا حصہ درج کر دینا
کئی پہلو سبق آمیز اس قصے میں مبہم ہیں
ہمارے ساتھ گزرا ہے یہ قصہ درج کر دینا
اگر ہنسنے ہنسانے پر کوئی کالم لکھا جائے
تو میرے حکمرانوں کا رویہ درج کر دینا
گئے وقتوں میں رونا قرض تھا سو رو چکا ہوں میں
پرانا کاٹ دینا اور اگلا درج کر دینا
تصور میں قلم کچھ اس طرح گویا ہوا مجھ پر
کہیں دریا کے دل پر مجھ کو پیاسا درج کر دینا
کراماً کاتبیں تم کو قسم خلقت کے خالق کی
مری گستاخیوں پر لفظ توبہ درج کر دینا
اگر کاغذ کے چہرے کو سجانا ہو کبھی طاہرؔ
لب کاغذ پہ کوئی ایک مصرع درج کر دینا