خیال و خواب میں ہونا صدائے باد میں رہنا
خیال و خواب میں ہونا صدائے باد میں رہنا
کسی کی آس میں جینا کسی کی یاد میں رہنا
پر اسراری عجب سی ہے تری ویران آنکھوں میں
تجھے بھی راس آیا خانۂ برباد میں رہنا
محبت ایک بحر بیکراں ہے اور محبت میں
کہیں پر قید ہونا ہے دل آزاد میں رہنا
کسی کی یاد ہے الجھی ہوئی سانسوں کی ڈوری سے
کسی کے ہجر میں ہے عرصۂ فریاد میں رہنا
تو پھر ہجر و وصال و رنج و غم سارے اضافی ہیں
جو حاصل ہے وفا کو عشق کی بنیاد میں رہنا
جفا کی ایک سی رسمیں ہی انساں کا مقدر ہیں
کسی کوفہ میں جینا ہو یا کہ بغداد میں رہنا
کسی سے کیا شکایت زندگی کو راس آیا ہے
جفا کے شہر میں دشت ستم ایجاد میں رہنا