گردش ساغر سبو کے درمیاں
گردش ساغر سبو کے درمیاں
زندگی ہے ہاؤ ہو کے درمیاں
زخم اور پوشاک بھی رکھے گئے
آئنہ اور آب جو کے درمیاں
تیسرا رستہ کدھر کو جائے ہے
آرزو اور جستجو کے درمیاں
کتنی بے معنی سی ہے یہ زندگی
خاموشی اور گفتگو کے درمیاں
زندگی ترجیح کس کو دیتی ہے
سبز رو اور خوش گلو کے درمیاں
یاد کی اک اجنبی پرچھائیں ہے
رنگ و بو و کاخ و کو کے درمیاں
وقت سے بچ کر نکل جاؤں کہیں
ایک در ہے چار سو کے درمیاں
میرا چہرہ دوسروں سے مختلف
فرق ہے کیا یہ لہو کے درمیاں