خان صاحب کے کپتان، بڑے خان

ماجد خان نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز بطور فاسٹ باؤلر کیا تھا, اس ٹیسٹ میں ماجد اور آصف اقبال نے باؤلنگ کا آغاز کیا تھا- یہ آصف اقبال کا بھی پہلا ہی ٹیسٹ تھا- کیریئر کے اختتام تک دونوں ہی بطور بیٹسمین کہیں بہتر کارکردگی دکھا چکے تھے- ماجد خان اپنے پہلے ٹیسٹ کی ایک اننگ میں صفر پر آؤٹ ہوئے اور دونوں اننگ میں تین وکٹیں حاصل کیں- ماجد خان نے اپنے تیسرے ٹیسٹ میں اپنی بیٹنگ کی جھلک دکھلائی تھی- یہ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا تھا اور پہلے دن پاکستان کی پانچ وکٹیں 121 پر گر چکی تھیں-

ماجد خان نے کپتان حنیف محمد کے ساتھ ایک بہترین پارٹنرشپ قائم کر ڈالی- حنیف محمد اوپننگ چھوڑ چکے تھے اور اس اننگ میں چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لئے آئے تھے- جہاں حنیف نے ڈبل سنچری بنائی, وہیں ماجد خان کے 80 رنز بھی کم اہم نہیں تھے- ماجد نے کپتان کے ساتھ 217 رنز کی شراکت قائم کی- پہلی اننگ میں نیوزی لینڈ نے تقریبا 100 رنز کی برتری حاصل کر ڈالی تھی اور پاکستان کے 99 پر چار آؤٹ ہو چکے تھے جب ماجد خان نے آصف اقبال کے ساتھ نہ صرف 70 رنز کی پارٹنرشپ بنائی بلکہ خاصا وقت کریز پر گزار کر شکست کو ٹال دیا-

ماجد خان ایک چوٹ کی وجہ سے فاسٹ باؤلنگ تو جاری نہ رکھ سکے لیکن جلدی ہی وہ ٹاپ سکس, پھر ون ڈاؤن پوزیشن حاصل کی اور پھر اوپنر بن گئے- ماجد خان کی کارکردگی تمام نمبرز پر بہترین رہی, بطور اوپنر بھی ماجد بہت عمدہ کھیلے- اوپنر کے طور پر ماجد خان نے پانچ سنچریاں بنائیں اور ان کی اوسط 42 کی رہی جو اس دور میں بہت عمدہ تصور کی جاتی تھی- ماجد خان نے بہت کم ون ڈے کھیلے لیکن جتنا بھی کھیلے, یہی تاثر چھوڑا کہ اور کھیلتے تو کیا کیا کر جاتے- 70 کی دہائی میں جب ون ڈے کرکٹ کا آغاز ہی ہوا تھا, ماجد نے 74 کے سٹرائک ریٹ سے بیٹنگ کی-

ماجد خان نے پاکستان کی طرف سے پہلی ون ڈے سنچری بھی سکور کی تھی- صرف 93 گیندوں پر ماجد خان کے 109 رنز کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کا دیا 245 کا ہدف 43 ویں اوور میں ہی پورا کر دیا تھا- اس اننگ میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا- اسی میچ میں انگلینڈ کے اوپنر ڈیوڈ لائیڈ نے بھی سنچری بنائی تھی لیکن ماجد کے 117 کے سٹرائک ریٹ کے مقابلے میں لائیڈ کا سٹرائک ریٹ 73 تھا- ماجد خان 1975 اور 1979 ورلڈکپس میں پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب پاکستانی بیٹسمین بھی رہے- ماجد خان پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ میچ میں لنچ سے پہلے سنچری بنانے والے پہلے بیٹسمین بھی بنے-

آج ماجد خان صاحب 74 برس کے ہو گئے, خان صاحب کے لیے  سالگرہ کی مبارکباد اور صحت و  تندرستی کی دعا۔۔۔۔۔۔