سپر اسٹار بلے باز نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

تو ایک اور ورلڈ ریکارڈ  بابر بھائی کے نام ہوا اور ریکارڈ توڑا  بھی تو ٹی ٹونٹی کے بادشاہ ،المعروف بہ  یونیورس باس،  کرس گیل کا- بابر اعظم کا ٹی ٹونٹی کرئیر بہت خاموشی سے شروع ہوا، لاہور ایگلز کی جانب سے فیصل بینک کے ٹی ٹونٹی کے اس میچ میں بابر اعظم کی باری ہی نہیں آئی لیکن بابر نے ایک وکٹ ضرور حاصل کی- اس میچ میں عمران فرحت اور شرجیل خان نے سنچریاں بنائی تھیں- اگلے میچ میں بابر نے 18 گیندوں پر 14 رنز ہی بنائے تھے کہ سعید اجمل نے بولڈ کر دیا، یہ اور بات کہ اس میچ میں ان کی پوری ٹیم 103 پر آؤٹ ہو گئی تھی- اگلے میچ میں بابر کو دسویں نمبر پر بیٹنگ ملی اور اس کے بعد بابر کو اس ٹورنامنٹ میں ایک ہی میچ اور مل سکا- اس کے بعد بابر کو لاہور کی جانب سے کھیلنے کا موقع کم ہی ملا ، حالانکہ اس وقت ڈومیسٹک میں لاہور کی دو ٹیمیں ہوتی تھیں- اگلے سال رمضان ٹی ٹونٹی کپ میں بابر نے اپنی پہلی ٹی ٹونٹی نصف سنچری بنائی پھر بابر نے اسلام آباد سے قسمت آزمائی کی جہاں شکیل شیخ نے بابر کی خوب مدد کی اور اس کے بعد جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے-

کچھ ایسا ہی بابر کا پی ایس ایل کا آغاز تھا- اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ جیت گئی تھی لیکن اس میں بابر زیادہ تر میچز  میں باہر ہی بیٹھا رہا اور آج بابر پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی ہے- سوچیں بابر لاہور کی جانب سے نظر انداز کئے جانے پر مایوس ہو جاتا یا شکیل شیخ اسے اسلام آباد کی جانب سے کھیلنے کا موقع نہ دلاتے تو اس وقت بابر کہاں ہوتا ؟ لیکن بابر نے  محنت ہی  چھوڑی اور نہ ہمت و حوصلہ ،  اور اس کا پھل سبھی کے سامنے ہے-

بابر کے ٹی ٹونٹی کرئیر کا ایک اور اہم ترین موقع اس وقت آیا جب مکی آرتھر نے بابر کو اوپنر بنانے کا فیصلہ کیا اور پھر بابر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا- ٹی ٹونٹی کا نمبر ون بیٹسمین بنا، پھر تیز ترین ہزار (یہ ریکارڈ اب ڈیوڈ ملان کے پاس ہے) اور تیز ترین دو ہزار رنز کا ریکارڈ بنایا اور اب کل سات ہزار ٹی ٹونٹی رنز 187 اننگز میں بنا ڈالے- پہلے دو ہزار کے لئے ستر اننگز کھیلنے والے بابر اعظم آخری دو ہزار رنز صرف 42 اننگز میں بنا چکے ہیں- چند دنوں تک شروع ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بابر اعظم پاکستان کی قیادت کرنے جا رہے ہیں، امید یہی ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں بابر اعظم اور پاکستان ٹیم دونوں ہی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے-