کون تھا جو گونگے لفظوں کو معانی دے گیا
کون تھا جو گونگے لفظوں کو معانی دے گیا
برف کی جھیلوں کو انداز روانی دے گیا
ایک جھونکا تھا مرے دل کے خراب آباد میں
ننگی دیواروں کو تصویریں پرانی دے گیا
داستانوں کا کوئی کردار ہے یہ زندگی
جو بھی آیا وہ ہمیں تازہ کہانی دے گیا
میں انا کے گنبد دل کش میں ٹھہرا بھی نہ تھا
کوئی چپکے سے صدائے لن ترانی دے گیا
ٹوٹتا کیسے طلسم قید و بند حرف و لفظ
وہ اشارہ نسخۂ جادو بیانی دے گیا