کام کرودھ سے ناواقف ہے سدھ بدھ سے بیگانہ بھی

کام کرودھ سے ناواقف ہے سدھ بدھ سے بیگانہ بھی
ورنہ شاہد شیدائیؔ کو کون کہے دیوانہ بھی


سندر ناری اپنی سندرتا پر کیوں اٹھلاتی ہو
آج کھلا جو غنچہ ہے کل کو ہے اسے کمہلانا بھی


ہم نے تو بیگانوں کو بھی اپنے پاس بٹھایا ہے
ان کی سبھا میں جائز ہوگا اپنوں کو ٹھکرانا بھی


تمرے دھیان کی بنسی پکڑے کب سے راگ الاپے ہے
گوپی شیام کی میٹھی تانیں آ کے ذرا سن جانا بھی


اک گھر کو دو نام دیے ہیں یوں ہی دنیا والوں نے
سندرتا کا رین بسیرا کعبہ بھی بت خانہ بھی