جب نقاب رخ زیبا وہ اٹھا دیتے ہیں
جب نقاب رخ زیبا وہ اٹھا دیتے ہیں
دل ہر ذرہ کو آئینہ بنا دیتے ہیں
روح کو سوز دیا داغ جگر کو بخشا
حضرت عشق عجب داد سخا دیتے ہیں
صبح دم صحن گلستاں میں صبا کے جھونکے
آتش درد محبت کو ہوا دیتے ہیں
اب بھی اک غیرت ناہید کے نغمے اکثر
عمر رفتہ کو مری مجھ سے ملا دیتے ہیں
نیرؔ زار کی قسمت بھی جگاتے جاتے
آپ سوئے ہوئے فتنے تو جگا دیتے ہیں