ہونٹوں پہ جو تیرے ہے یہ مسکان مری جان

ہونٹوں پہ جو تیرے ہے یہ مسکان مری جان
لے جائے گی اک روز مری جان مری جان


سب ہوش گنوا بیٹھے ترے چاہنے والے
اس بات پہ ہونا نہیں حیران مری جان


اپنوں سے کبھی ترک تعلق نہیں کرتے
اپنوں کو نہیں کرتے پریشان مری جان


اس ہنسنے ہنسانے سے نہیں جائے گا کچھ بھی
اس میں تو نہیں کوئی بھی نقصان مری جان


چہرے پہ جمی دھول سے کیوں بھول رہا ہے
جاذبؔ ہوں میں جاذبؔ مجھے پہچان مری جان