حرف تا حرف افتاد کی شاعری

حرف تا حرف افتاد کی شاعری
دل کی اک شہر برباد کی شاعری


کب سمندر کناروں کا محتاج ہے
کب دل موج آزاد کی شاعری


بانسری کی مدھر لے سے باہر نکل
سن ذرا روح ناشاد کی شاعری


ترک ہوتی نہیں ایسی کچھ عادتیں
فکر داد ہوس داد کی شاعری


توبہ توبہ کہ رکھی ہے فٹ پاتھ پر
میرؔ صاحب سے استاد کی شاعری


کرتے کرتے سپرد قلم کر گئی
مجھ پہ جادو پری زاد کی شاعری


چشم باراں کا دکھ بانٹنا فرض ہے
کچھ کریں ابر کی باد کی شاعری


ربط کے دور میں خوب لکھتے تھے ہم
بے سبب بے مزہ بعد کی شاعری


رات پلکوں میں رخشندہؔ کاٹیں گے ہم
تا سحر ہوگی اب یاد کی شاعری