ہماری چاند سے صحبت نہیں ہو پائی کوشش کی

ہماری چاند سے صحبت نہیں ہو پائی کوشش کی
زمین ہجر سے ہجرت نہیں ہو پائی کوشش کی


بھلایا بھی تمہاری یاد کو کچھ دیر تک لیکن
کبھی یہ مستقل عادت نہیں ہو پائی کوشش کی


تمہاری بے رخی تم سے خریدوں اور برتوں میں
مگر طے کوئی بھی قیمت نہیں ہو پائی کوشش کی


دعائیں مانگتے ہی رہ گئے باران رحمت کی
فلک سے آمد رحمت نہیں ہو پائی کوشش کی


تمہارے عہد الفت کی خلافت مان لی دل نے
تمہارے بعد یہ بیعت نہیں ہو پائی کوشش کی


کہا اس نے چلے جاؤ تو آخر ہم چلے آئے
کسی فرمان پر حجت نہیں ہو پائی کوشش کی