گرم ہے عشق کا بازار چلو دیکھیں گے

گرم ہے عشق کا بازار چلو دیکھیں گے
کون ہے اپنا خریدار چلو دیکھیں گے


کون ہے قوم کا سردار چلو دیکھیں گے
وہ بھی کس کا ہے طلب گار چلو دیکھیں گے


سبز باغوں کی زیارت تو بہت اچھی ہے
کون ہمدرد ہے سرکار چلو دیکھیں گے


ہم نے کلیوں کو جہاں خون دیا تھا پہلے
کس مصیبت میں ہے گلزار چلو دیکھیں گے


ہم کو کل تک تو رلایا ہے بری خبروں نے
آج کیا کہتا ہے اخبار چلو دیکھیں گے


وقت آنے وہ سبھی لوگ بچھڑ جائیں گے
کون ہوتا ہے وفادار چلو دیکھیں گے


راستے پاؤں کی زنجیر بنے جاتے ہیں
منزلیں کتنی ہیں دشوار چلو دیکھیں گے


اپنے بچوں کے لئے دھوپ میں جھلسے ہم بھی
ہم سے کتنا ہے انہیں پیار چلو دیکھیں گے


اپنے ہاتھوں سے تراشا ہے جسے انجمؔ نے
اپنی آنکھوں سے وہ شہکار چلو دیکھیں گے