ایک سے بڑھ کر ایک تمہارے گہنے ہوں گے

ایک سے بڑھ کر ایک تمہارے گہنے ہوں گے
یاد میری جب آتی ہوگی چبھتے ہوں گے


لوگ برے ہیں جو وہ بھی تو روتے ہوں گے
ان کے حصے میں بھی تو دکھ ہوتے ہوں گے


زیست کے سب اسرار سمجھ آ جاتے ہوں گے
موت سے پہلے مرنے والے ہنستے ہوں گے


تجھ میں کوئی ادا نہیں تو آئینہ سا
تیرے چاہنے والے بالکل سچے ہوں گے


تلخ بیانی کرنے لگا ہے چارہ گر بھی
میرے چاہنے والے اس سے ملتے ہوں گے


پتھر پہ بھی جانے کس نے آنکھ بنا دی
دیکھنے والے نے کیا منظر دیکھے ہوں گے