ڈوب جانے کے سوا عشق میں چارا ہی نہیں

ڈوب جانے کے سوا عشق میں چارا ہی نہیں
اس سمندر کا کسی سمت کنارا ہی نہیں


تلخیٔ زخم جگر جس کو گوارا ہی نہیں
اس کو ناوک نگہ ناز نے مارا ہی نہیں


سنتے آتے ہیں کہ اک روز قیامت ہوگی
آپ نے زلف پریشاں کو سنوارا ہی نہیں


پردۂ دل سے صدا یار کی آ ہی جاتی
ہم تذبذب میں رہے اس کو پکارا ہی نہیں


باز ہم ایسے تصور سے کہ اب تک جس نے
ایک نقشہ بھی ترا ٹھیک اتارا ہی نہیں


پھر شکایت ہے مرے دل کے تڑپنے کی عبث
تاک کر تیر کوئی آپ نے مارا ہی نہیں


کیا ہے دریائے محبت کے ادھر کیا معلوم
تیری تلوار نے اس گھاٹ اتارا ہی نہیں


ان کی محفل کی عجب بات ہے کیا عرض کریں
تذکرہ سب کا ہے اک ذکر ہمارا ہی نہیں


مل گئی اس کی نظر میری نظر سے آخر
اب تو دینا ہی پڑا دل کوئی چارا ہی نہیں


اور بھی دیدۂ دل رکھتے ہیں پرخوں ہم سے
کچھ ترے ہجر میں یہ رنگ ہمارا ہی نہیں


پارسائی میں ہے فرد اس کی حیا اے بیتابؔ
شوق آلود نظر اس کو گوارا ہی نہیں