دل کا یوں سامان راحت ڈھونڈھنا
دل کا یوں سامان راحت ڈھونڈھنا
حسن کا آغوش خلوت ڈھونڈھنا
نیم وا مخمور آنکھوں میں مرا
مے کدہ کا باب عشرت ڈھونڈھنا
زندگی کی معرکہ آرائیاں
اور میرا کنج عزلت ڈھونڈھنا
قہقری رجعت ہے اپنے ذہن کی
حال میں ماضی کی عظمت ڈھونڈھنا
ہے مہم میری بھی یہ ظلمات کی
ان سیہ آنکھوں میں امرت ڈھونڈھنا
کیا نہیں موہوم اشیاء کی تلاش
زیست میں لمحات فرصت ڈھونڈھنا
مجرمانہ ذہن اور نظروں کے ساتھ
سب کا یاں معصوم صورت ڈھونڈھنا
تیرے سینے میں تلاش آگہی
برف کے تودوں میں حدت ڈھونڈھنا
اس جہاں کی پستیوں سے اوب کر
دار پر منصورؔ رفعت ڈھونڈنا