دشت میں آگ لگانے کے لئے پانی ہے

دشت میں آگ لگانے کے لئے پانی ہے
تو مری پیاس بڑھانے کے لئے پانی ہے


مجھ کو اک عہد کی میت پہ گھڑا پھوڑنا ہے
سو مرے پاس زمانے کے لئے پانی ہے


تیری تصویر بنانے میں لہو سوکھ گیا
تیری تصویر مٹانے کے لئے پانی ہے


ہم یہ کہتے ہیں کہ انسانی بدن ہے مٹی
سو اسے تاب میں لانے کے لئے پانی ہے


تیری دنیا مری دنیا سے الگ ہو شاید
یاں تو ہر نقش مٹانے کے لئے پانی ہے