بکھرے سپنے

آکاش پہ دیپ ستاروں کے
دھرتی پر پھول بہاروں کے
سبزے پر شبنم کے موتی
ساون کی ہوا ٹھنڈی ٹھنڈی
یہ میرے بکھرے سپنے ہیں


لہراتے ہوئے بہتے چشمے
چشموں کے نشاط آگیں نغمے
کہسار کے رنگیں شام و سحر
جنگل کے حسیں دل کش منظر
یہ میرے بکھرے سپنے ہیں


بجلی کی کڑک بادل کی گرج
خوں بار شفق ڈھلتا سورج
مہتاب میں نیند جوانی کی
اور خوشبو رات کی رانی کی
یہ میرے بکھرے سپنے ہیں


دریا ساحل کشتی لنگر
ہیرے موتی کنکر پتھر
پریوں کے محل اندر کی سبھا
تیکھی چتون بانکا چہرا
یہ میرے بکھرے سپنے ہیں


نظمیں غزلیں آہیں نغمے
خون جگر کچھ دل کے ٹکڑے
بھولی بسری بیتی باتیں
غم کی انوکھی سی سوغاتیں
یہ میرے بکھرے سپنے ہیں