پہلی سی اب وہ شوخی گفتار بھی نہیں
پہلی سی اب وہ شوخی گفتار بھی نہیں
مدت سے ذوق نغمہ و اشعار بھی نہیں
سونی پڑی ہے منزل دیوانگیٔ عشق
کیا ہو گیا کہ کوئی سر دار بھی نہیں
واعظ شراب نوشی کے بے حد خلاف ہیں
مل جائے مفت کی تو کچھ انکار بھی نہیں
وہ سامنے جو آئے تو نظریں نہ اٹھ سکیں
اب مجھ میں جیسے طاقت دیدار بھی نہیں
کب ہوگی ختم طاہرہؔ شام غم حیات
اب تک نمود صبح کے آثار بھی نہیں