اے میرے پیارے وطن
تیرے گلشن کی ہر اک رنگین ڈالی کو سلام
تیری خوشبو تیری کلیوں تیرے مالی کو سلام
شب کی زلف عنبریں کو دن کی لالی کو سلام
اے مرے محسن ترے حسن مثالی کو سلام
ریشمیں کرنوں میں لپٹی تیری صبحوں کو سلام
نور میں ڈوبی ہوئی پونم کی راتوں کو سلام
روپ کے سہرے سجاتی تیری کرنوں کو سلام
اے مرے محسن تری نورانی شمعوں کو سلام
تیرے پھولوں کو تری دل کش بہاروں کو سلام
تیرے سورج کی سہانی رہ گزاروں کو سلام
تیرے ذروں تیری دھرتی کے ستاروں کو سلام
ابر پاروں کو پھواروں کو چناروں کو سلام
نور سے چہرہ ہو روشن زلف لہراتی رہے
یوں ہی تیری صبح تیری شام مسکاتی رہے
وقت کی لے پر ترانہ زندگی کا چھیڑ کر
تیری عظمت کو نئی تاریخ دہراتی رہے
اے وطن پیارے وطن میرے وطن میرے وطن