اگرچہ سب یہاں سستا پڑے گا

اگرچہ سب یہاں سستا پڑے گا
تمہیں بس عشق ہی مہنگا پڑے گا


مصور سے الجھنے کی سزا ہے
ہمیں تصویر میں رہنا پڑے گا


مری آنکھوں میں تم بچ کر اترنا
یہاں اشکوں کا اک دریا پڑے گا


سبھی کردار گر رکھنے ہیں زندہ
کہانی میں ہمیں مرنا پڑے گا


تمہیں بھی اچھے ہم لگنے لگے ہیں
سنو تم کو بھی پچھتانا پڑے گا


گھڑی سچ بولنے کی آ گئی ہے
ہمیں دانستہ ہکلانا پڑے گا


چرس سے بچنے کو تم کہہ رہے ہو
یقیناً عشق سے بچنا پڑے گا