اگر یہ کرکے دکھلاؤ تو جانیں
اگر یہ کرکے دکھلاؤ تو جانیں
رہائی خود سے جو پاؤ تو جانیں
زمانے کو نصیحت کرنے والو
کبھی خود کو بھی سمجھاؤ تو جانیں
خوشی کے ہیں بہت گاہک جہاں میں
کسی کا درد اپناؤ تو جانیں
تمہیں اس پار جانے کا یقیں ہے
سہارا یہ بھی ٹھکراؤ تو جانیں
سنا ہے دوست منزل آشنا ہو
کسی کو راہ پر لاؤ تو جانیں
کشش ہوتی ہے کوئی جذب دل میں
کبھی چپکے سے آ جاؤ تو جانیں
جسے پہلی محبت نے کہا تھا
کبھی وہ بات دہراؤ جا جانیں