اگر عورت کما سکتی تو

کھری باتوں کا ذائقہ ترش ہوتا ہے
بہ حیثیت انسان
عورت کی ضرورت
کسی مرد کو نہیں
وہ گروی رکھی جائے
یا بیچ دی جائے
کرائے پہ لی جائے
یا یک مشت خرید لی جائے
اس کے خیالات کی
بندر بانٹ ممکن نہیں
حکم کی پابندی کا طوق پہن کر
جیون کی کٹیا کا
کرایہ ادا کرتے ہوئے
اگر عورت کما سکتی تو
لاتی مرد کے لیے خرید کر
وہ حوصلہ
کہ جس سے وہ اپنا چہرہ
اس کے خیال آئینے میں دیکھ سکتا
نا خوش تمام باتوں کو
انصاف کے پلڑے میں تول سکتا
عدم تحفظ کے پنجرے میں
تیسرے درجے کے قیدی کی حیثیت سے
اگر عورت کما سکتی تو
لاتی مرد کے لیے خرید کر
وہ محبت
جو اس کی فطری ضرورت سے ماورا ہوتی
اگر عورت کما سکتی تو