اچھا خاصا حساب ہوں میں بھی
اچھا خاصا حساب ہوں میں بھی
دشمنی کا جواب ہوں میں بھی
میرے اندر ہے اک جہاں دیکھو
فکر و فن کی کتاب ہوں میں بھی
مجھ سے باقی ہے رونق گلشن
اک مہکتا گلاب ہوں میں بھی
ایک تو ہی نہیں زمانے میں
تجھ سا خانہ خراب ہوں میں بھی
صبح ہوتے ہی ختم ہو جائے
ایسی شبنم کا خواب ہوں میں بھی
ناقدو اک نظر ادھر بھی ہو
دور حاضر کا باب ہوں میں بھی
اک تعارف نظرؔ ہے اتنا سا
شاعر انقلاب ہوں میں بھی