زندگی ہم نے ترے رنگ میں ڈھالی بھی ہے

زندگی ہم نے ترے رنگ میں ڈھالی بھی ہے
روش زیست مگر اپنی نرالی بھی ہے


کیا گزرتی ہے بھلا طائر جاں پر اے عشق
شوق پرواز بھی ہے بے پر و بالی بھی ہے


عشق کا کام تو دینا ہے سو جاں دی اے دل
ہم نے دنیا سے کوئی چیز بھلا لی بھی ہے


ہم اکیلا تجھے اس شہر میں چھوڑ آئے ہیں
ہم نے اک بات تو اے دل تری ٹالی بھی ہے


سر میں سودا بھی نہیں دل میں تمنا بھی نہیں
مسند عشق مگر ہم نے سنبھالی بھی ہے