زندہ ہونا اور نہ جینا تم ہی کہو کیا ممکن ہے

زندہ ہونا اور نہ جینا تم ہی کہو کیا ممکن ہے
خود کو کر دینا ان دیکھا تم ہی کہو کیا ممکن ہے


آس کی لو آنکھوں میں جلائے لڑتی جاؤں اندھیروں سے
رات ہے رات کا ہو نہ سویرا تم ہی کہو کیا ممکن ہے


تیز ہوا کا اک جھونکا شعلوں میں بدل کے رکھ دے گا
چنگاری کو دبائے رکھنا تم ہی کہو کیا ممکن ہے


جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اک روز تو پکڑ جائے گا
سچ کے ہاتھ کبھی نہیں آنا تم ہی کہو کیا ممکن ہے


کس کس کو چپ کوئی کرے ہیں جتنے منہ ہیں اتنی باتیں
آگ لگے اور دھواں نہ اٹھنا تم ہی کہو کیا ممکن ہے


ممکن ہے کھل کر نہ کہا ہو اس سے میں نے مگر بلقیسؔ
اس جیسے کا کچھ نہ سمجھنا تم ہی کہو کیا ممکن ہے