وہ جو شاعری کا سبب ہوا

وہ جو شاعری کا سبب ہوا
مری زندگی کا سبب ہوا


جسے دیکھ دیکھ سکوں ملا
وہی بے کلی کا سبب ہوا


کبھی وجہ تھا وہ گمان کی
کبھی آگہی کا سبب ہوا


شب ہجر تیرا خیال بھی
بڑی روشنی کا سبب ہوا


مرے دل کا ٹوٹنا پھوٹنا
تیری دل لگی کا سبب ہوا


جسے شاعری سے شغف نہ تھا
وہی شاعری کا سبب ہوا