تم کو پتہ ہے اپنے دل کو کیسے ہم نے شاد کیا
تم کو پتہ ہے اپنے دل کو کیسے ہم نے شاد کیا
دن میں تمہارے خواب سجائے شب بھر تم کو یاد کیا
آنکھیں موندیں چہرہ دیکھا آئی خوشبو سانس جو لی
تم کو یوں پابند کیا اور خود کو یوں آزاد کیا
سورج نکلا صبح ہوئی کب چندا چمکا رات ہوئی
چپکے چپکے چھت پر لیٹے لمحوں کو برباد کیا
دوری کیا ہے قربت کیا ہے پیار کرو تو جانو گے
من سے من کو جوڑ لیا ہے درد سے دل آباد کیا
بیٹھے اکیلے سوچ رہے ہیں زاہدؔ کیا یہ محبت ہے
ایک صنم کی خاطر ہم نے دنیا کو ناشاد کیا