تھری ڈی پرنٹرز کی ہلچل

تھری ڈی پرنٹنگ ایک ایسا عمل ہے جس میں ڈیجیٹل ماڈل کو ایک ٹھوس،  سہ جہتی یا تھری ڈائمینشنل شے میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ اسے آسان  الفاظ میں سمجھیں تو اس میں آپ پرنٹر کو ایک تصویر دیتے ہیں جس کو وہ ٹھوس شکل میں آپ کے سامنے لے آتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ نے پرنٹر کو ایک کپ کی تصویر دی تو اس پرنٹر نے پرنٹ کر کے کپ آپ کے سامنے پیش کر دیا۔  3D پرنٹنگ  بہت تیزی سے مقبول  ہو رہی ہے۔ کیونکہ یہ مینوفیکچرنگ کو پہلے سے کہیں زیادہ لوگوں کے لیے قابل رسائی بناتی جا رہی ہے۔

یہ کیسے کام  کرتی ہے؟

سب سے پہلے، کسی شے کا ایک ورچوئل ڈیزائن بنایا جاتا ہے۔ یہ ڈیزائن تھری ڈی پرنٹر  کے لیے بلیو پرنٹ  کا کام  کرتا ہے۔ ورچوئل ڈیزائن کمپیوٹر ایڈیڈ ڈیزائن (CAD) سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے بنایا  جاتا ہے، یہ سوفٹ وئیر  کی وہ قسم ہے  جو ماڈل کی ڈرائنگ   بنا سکتا ہے اور تکنیکی  السٹریشن دے سکتا ہے۔  اس سوفٹ وئیر کے ساتھ ساتھ تھری ڈی اسکینر کو استعمال کرتے ہوئے بھی ایک ورچوئل ماڈل تیار کیا جا سکتا ہے۔    ایسا کرنے کے لیے پہلے سے موجود کسی ٹھوس شے  کی مختلف زاویوں سے  تصاویر لی جاتی  ہیں ، جس سے اس کی ایک ورچوئل کاپی تیار ہو جاتی ہے۔

اس ورچوئل   کاپی کو پھر چھپائی کے لیے تیار کیا  جاتا ہے۔  یہ پروسس سلائسنگ کہلاتا ہے۔ اس کے دوران ورچوئل ماڈل کو  باریک افقی تہوں میں تقسیم کر دیا جاتا ہے۔

سینکڑوں یا ہزاروں افقی تہوں میں تقسیم شدہ ماڈل اب 3D پرنٹر پر اپ لوڈ ہونے کے لیے تیار  ہے۔ ایک USB کیبل یا Wi-Fi کنکشن کا استعمال  کرتے ہوئے  اس کو کمپیوٹر سے 3D پرنٹر پر  منتقل کر دیا جاتا ہے۔ جب فائل کو 3D پرنٹر پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے، تو یہ ماڈل کے ہر ٹکڑے کو پڑھتا ہے اور اسے تہہ در تہہ پرنٹ کرتا جاتا ہے۔

 

پرنٹر کے ورچوئل ماڈل کو ٹھوس شکل میں نکالنے کا عمل مادی اخراج  کہلاتا  ہے۔  یہ عمل کیسا ہوتا ہے اس کا انحصار پرنٹر میں  استعمال ہونے والے مواد یا خود پرنٹر کی قسم پر ہوتا ہے۔

عام طور پر، 3D پرنٹر میں ایک نوزل ہوتا ہے جو نیم مائع مواد کو نکالتا ہے، جیسے پگھلا ہوا پلاسٹک، دھات یا سیمنٹ۔ اخراج کرنے والا نوزل افقی اور عمودی دونوں سمتوں میں حرکت کر سکتا ہے۔  یہ ورچوئل ماڈل   کے عین مطابق    تہوں  کو چھاپتا جاتا ہے۔ یہ عمل اس وقت تک  جاری  رہتا ہے جب تک کہ 3D پرنٹر ڈیجیٹل ماڈل کی ہر  پرت کی نقل نہ کر دے۔

3D پرنٹرز کے ساتھ کس قسم کی چیزیں بنائی جا سکتی ہیں؟

          تقریباً ہر چیز جس کا تصور کیا جا سکتا ہے ، اس کا ورچوئل ماڈل بنا کر سہ  جہتی چھاپہ لیا جا سکتا ہے۔ 3D پرنٹرز،  ڈیزائنرز، انجینئرز، اور یہاں تک  کہ عام لوگوں کو ان پیچیدہ اشیاء  کی تیاری میں مدد کر رہے ہیں جن  کی تیاری کے لیے  پرانے مینوفیکچرنگ طریقے   بے بس نظر آتے تھے۔

3D پرنٹرز کھلونے، فون کیسز، اوزار، کپڑے، میز، لیمپ، مٹی کے برتن، آرٹ، اور یہاں تک کہ کاریں بنانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

طبی شعبے میں  بھی ایسے طریقے ڈھونڈے جا رہے ہیں جن کے ذریعے پرنٹرز کو استعمال کر کے مریضوں کی مدد کی جا سکے۔ ڈاکٹر اب 3D میڈیکل ماڈلز پرنٹ کرنے کے قابل ہیں جو اتنے درست ہیں کہ سرجن مریض پر آپریشن کرنے سے پہلے ان کے 3D ماڈل پر مشق کر سکتے ہیں۔ 3D پرنٹ شدہ ماڈل ان افراد کے لیے مصنوعی اعضاء بنانے کے لیے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں جو اعضاء کھو چکے ہیں۔ ان کے ذریعے تیار شدہ اعضا زیادہ کارآمد،، سستے اور  بہتر جڑنے والے ہیں۔ 3D پرنٹ شدہ پروڈکشن ایک تیزی سے ابھرتی ہوئی صنعت ہے جس میں مستقبل کے لیے بہت زیادہ دلچسپ امکانات موجود ہیں۔ ہم نے ابھی ابھی ان طریقوں کو دیکھنا شروع کیا ہے جن سے 3D پرنٹ شدہ اشیاء ہماری زندگیوں کو آسان، محفوظ اور صحت مند بنا سکتی ہیں۔ 

          تھری ڈی پرنٹنگ جس تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور لوگ نئے نئے  ڈیزائن جس طریقے سے سامنے لا رہے ہیں، تو ایسی دنیا  تک رسائی بہت دور نہیں جہاں  ہر چیز،  یہاں تک کہ  کھانے تک کو ہم گھر میں ہی  آسانی سے چھاپ کر بنا   رہے ہوں گے۔

مترجم : فرقان احمد