ٹارگٹ کلنگ

چوڑی والے کے یہاں
میں ابھی اسٹول پر بیٹھی ہی تھی
ساتھ کی دوکان کے آگے اک اسکوٹر رکا
گولی چلی


سب نے فق چہروں کے ساتھ
مڑ کے دیکھا
ایک لمحے کے لیے بازار ساکت
اور اسکوٹر روانہ ہو گیا


ہلکی ہلکی بھنبھناہٹ سی ہوئی کچھ دیر تک
اور ان آنکھوں نے دیکھا
بیچ چوراہے پہ اوندھی لاش کے نزدیک سے
لوگ یوں آ جا رہے تھے
جیسے لیٹا ہو مداری کوئی چادر اوڑھ کر
ان سب کے بیچ


اس طرح کے واقعات اب روز کا معمول ہیں
ہم تو عادی ہو گئے ہیں کیا کریں
چوڑی والے نے تحمل سے کہا
ویسے خطرہ ٹل چکا ہے اتنا مت گھبرائیے
ہاتھ کو تھوڑا سا ڈھیلا چھوڑیئے
ورنہ چوڑی ہاتھ میں چبھ جائے گی