تجزیہ
کیا یہ ضروری ہے
ہم ساری منفی باتیں یاد کریں
اس نے ہم سے
کب کس موڑ پہ کیا چاہا تھا
ہم نے خود غرضی کے تھال میں
کیا کیا اس کو نذر کیا تھا
کس نے جھوٹ سے
تھوڑا سا سچ قرض لیا تھا
کس کا جذبہ
وہم کی اون میں الجھ گیا تھا
کب تک اس لا حاصل دکھ میں خود کو ہم برباد کریں
کیا یہ ضروری ہے ہم ساری منفی باتیں یاد کریں
یادیں
بے امکان فضا میں
تازہ ہوا بھی لا سکتی ہیں
پاؤں کس کا کس رستے پر غلط اٹھا تھا
کس نے کوتاہی مانی تھی
کون اپنی ضد پر آخر تک اڑا رہا تھا
اس کا فرق دکھا سکتی ہیں
کیوں پھر ہم سوچوں کی کوئی حد کوئی میعاد کریں
کیا یہ ضروری ہے ہم ساری منفی باتیں یاد کریں