شکستہ سورج
شکستہ سورج کے سارے ٹکڑوں کو
کچے دھاگے سے باندھتا ہوں
رگوں میں پٹرول پھیلتا ہے تو
خالی جیبوں سے چاند تارے نکالتا ہوں
افق کی گردن پہ پاؤں رکھ کر
میں جب بھی سرحد پھلانگتا ہوں
ہزاروں ناخن
خلا میں مجھ کو دبوچتے ہیں
ہزاروں ناخن
اتار لیتے ہیں کھال میری
ہزاروں ناخن
مری رگوں میں گرہ لگا کر
اسی سے سورج کے سارے ٹکڑوں کو باندھتے ہیں
ہزاروں ناخن
مرے بدن کی شکستہ سرحد پھلانگتے ہیں