سفر نامے کا دیباچہ

تاریخ کے آغاز سے کچھ پہلے
انسان نے تنہائی سے تنگ آ کر
چار دیواری کا خوف اتار پھینکا
اس نے پتوں کا لباس ایجاد کیا
اور حفاظت کے لیے نیزہ بھی


جب سفر کی سوچ پیدا ہوئی
نقشہ ایجاد کر لیا گیا
جس میں منزل کا کوئی نشان نہیں تھا


جب دور دراز کے سفر پر چلنے کا خواب نازل ہوا
جوتے کی دریافت پہلے ہوئی
یا پھر سواری کی
ابتدائی تاریخ خاموش ہے


پانی کے لئے مشکیزہ ایجاد ہوا
اور سفری سامان کے لیے گٹھری
جس کے خد و خال آج سے ملتے جلتے ہیں
گٹھری میں سب سے پہلے نقشہ رکھا گیا
اور بوڑھوں کی چند نصیحتیں بھی
اور تنہائی کے پھیلتے خوف نے
سات بر اعظم دریافت کر لیے