سب کی خیر مناؤ بابا
سب کی خیر مناؤ بابا
خنجر مت چمکاؤ بابا
دل تو ہے اک ناؤ بابا
تم مانجھی بن جاؤ بابا
غم تو انساں کی قسمت ہے
غم سے مت گھبراؤ بابا
میری آنکھیں سونی سونی
تم کاجل بن جاؤ بابا
تم کو نظریں ڈھونڈ رہی ہیں
آنکھوں میں چھپ جاؤ بابا
کلیاں کیسے پھول بنیں گی
کچھ مجھ کو سمجھاؤ بابا
پیاسی دھرتی چیخ رہی ہے
تم بادل بن جاؤ بابا
پھر پردیسی لوٹ کے آئے
جھومو ناچو گاؤ بابا
گھر والوں کے آنسو دیکھو
ساغر مت چھلکاؤ بابا
پتھر ہوں لیکن نیلمؔ ہوں
مجھ کو مت ٹھکراؤ بابا