سب کی آنکھوں میں جو سمایا تھا

سب کی آنکھوں میں جو سمایا تھا
کون تھا وہ کہاں سے آیا تھا


کس نے کی آج پرسش احوال
کوئی اپنا تھا یا پرایا تھا


مٹ گئے ہم تو یہ ہوا معلوم
بھول کر کوئی مسکرایا تھا


ایک لذت تھی خود فریبی میں
ورنہ کس نے فریب کھایا تھا


آ گئیں یاد پھر وہی باتیں
کل بہ مشکل جنہیں بھلایا تھا


سب تھے آسیب بزم کے مارے
ہم پہ تنہائیوں کا سایا تھا


عمر گزری سحرؔ محبت میں
ہم نے دل کچھ عجیب پایا تھا