روگ جی جان کو لگایا ہوا
روگ جی جان کو لگایا ہوا
زنگ اوسان کو لگایا ہوا
ایک اٹکا ہوا ہے پنجرے میں
ایک پر دھیان کو لگایا ہوا
خواب پتلی کے مرتبان میں جوں
قفل سامان کو لگایا ہوا
چکھ یہ مہکا ہوا قوام خیال
شام کے پان کو لگایا ہوا
آنکھ رکھی ہوئی ہے آہٹ پر
راستہ کان کو لگایا ہوا
خستگی سے گڑھا ہوا پیوند
دل کے دامان کو لگایا ہوا