رکھتا نہیں ہے دشت سروکار آب سے
رکھتا نہیں ہے دشت سروکار آب سے
بہلائے جاتے ہیں یہاں پیاسے سراب سے
دن میں بھی گھر اجالے سے محروم ہے تو ہے
کرنوں کا کیا سوال کروں آفتاب سے
بالکل درست ہوتے ہوئے فیل ہو گیا
میں نے جواب نقل کیا تھا کتاب سے
وہ سال ہو کہ ماہ ہو دن ہو کہ ہو گھڑی
باقی نہیں بچوں گا کسی کے حساب سے
ہر شے پر اک اچٹتی نظر ڈالتا چلوں
بیکار ہوگا میرا اترنا رکاب سے
ترمیم حذف اور اضافے کے ساتھ ساتھ
یہ کلیات پر ہے مرے انتخاب سے